سرینگر، 17 اکتوبر :
جموں و کشمیر کے سابق ریاستی صدر اور کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر کرن سنگھ نے پیر کے روز کہا کہ ’انتخابات کے بغیر جمہوریت بے معنی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات ہونے چاہئیں اور یہ تمام سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے۔ ڈاکٹر کرن سنگھ نے کہا، ’’میں نے سنا ہے کہ مارچ میں انتخابات ہوں گے لیکن مجھے یقین نہیں ہے کیونکہ میں نے صرف یہ سنا ہے اور یہ کوئی سرکاری بیان نہیں ہے‘‘۔
سرینگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں غیر مقامی ووٹروں کو شامل کرنے کے بارے میں ان کے خیالات غیر واضح ہیں۔ یہ عجیب معاملہ ہے۔ کچھ کہتے ہیں کہ غیر مقامی ووٹرز کا اندراج لاکھوں میں ہو رہا ہے اور کچھ کہتے ہیں کہ ہزاروں میں۔ میں اس کے بارے میں نہیں جانتا ہوں‘‘۔
راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ یہ دیکھنا بھی اچھا ہے کہ کانگریس پارٹی میں انتخابات ہوتے ہیں اور یہ طویل عرصے کے بعد ہو رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 منسوخی کے بعد بہت سارے دعوے کیے جا رہے ہیں لیکن زمینی حقیقت کچھ اور ہے۔ ہاں، ایک چیز جس کا میں گواہ ہوں وہ یہ ہے کہ ڈل جھیل صاف ستھری ہو گئی ہے۔ اس جھیل کو صاف دیکھ کر خوشی ہوئی، لیکن میں خوش ہوں اور خود دیکھا ہے، اس جھیل کو دوبارہ زندہ کیا جا رہا ہے اور یہ چیز 2019 کے بعد ہوئی ہے۔ باقی انہوں نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں نافذ ہونے والے دیگر فیصلوں میں وقت لگ سکتا ہے۔
