جموں ،18 اکتوبر:
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے چیئرمین، غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بہتر ترقی کو یقینی بنانے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر راج کافی نہیں ہے۔آزاد نے جموں کے مڑ میں ڈی اے پی کے ایک بڑے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں ترقی کے لیے صرف گورنر راج کافی نہیں ہے۔ اسمبلی کا ہونا بھی بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر جموں و کشمیر کو پہلے ریاست کا درجہ دیا جاتا ہے تو لوگ اچھی تعداد میں انتخابات میں حصہ لیں گے۔اس کے لئے پہلے ریاست کا درجہ بحال کیا جائے چونکہ یو ٹی میں ڈی جی پی کو تھانیدار، سی ایم کو ایم ایل اے اور چیف سیکرٹری کو پٹواری کے عہدے پر ڈیوٹی کرنے جیسا ہے۔
آزاد نے کہا کہ کوئی عقل مند ایسا نہیں کر سکتا۔ڈی اے پی لیڈر نے اس بات پر زور دیا کہ وادی میں ریاستی حیثیت پر کوئی لڑائی نہیں ہے کیونکہ جموں میں ہندو بھائی، سکھ، کشمیر میں مسلمان اور یہاں تک کہ پنڈت بھی ریاست کا درجہ چاہتے ہیں۔ آزاد نے کہا کہ کسی کو یہ خیال نہیں کرنا چاہیے کہ صرف کشمیری ہی ریاست چاہتے ہیں، میں نے یہ بات مسلسل اور یہاں تک کہ آل پارٹی میٹنگ میں بھی کہی ہے کہ بی جے پی لیڈر بھی ریاست کا درجہ چاہتے ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سماج کے کمزور طبقوں کی بہتری حکومت کا فرض ہے اور اسکیمیں بنانا اور اس کے لیے سبسڈی فراہم کرنا حکمران جماعتوں کا فرض ہے جو حکومت چلاتی ہیں۔ ڈی اے پی سماج کے کمزور طبقوں کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو ریاست کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں رہتے ہیں۔
ہمارا مشن مساوی بنیادوں پر ریاست کی ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانا ہے، تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا کیے بغیر مطلوبہ اور ضروری سہولیات مل سکیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگ جو خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اُن کی طرف توجہ مرکوز کریں۔ڈی اے پی کے چیئرمین نے کارکنوں کو خبردار کیا کہ ایسے عناصر ہیں جو سازشیں کرنے اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے طور پر ہیں اور ہمارا ایجنڈا واضح، سیدھا اور عوام پر مبنی ہے۔آزاد نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی طرف سے دہلی میں آل پارٹی میٹنگ میں جموں و کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کو دی گئی یقین دہانیوں کو مختصر مدت میں لاگو کیا جانا چاہئے کیونکہ اس سے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے ریاست کی بحالی اور جموں و کشمیر میں حد بندی کے بعد انتخابات کے انعقاد کا حوالہ دیا جیسا کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر کے رہنماؤں کو کل جماعتی میٹنگ میں یقین دہانی کرائی تھی۔
