سری نگر/18؍اکتوبر:
ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے آج جموںوکشمیر میں گلٹی دار جلد بیماری کے پھیلائو کو روکنے کے لئے اُٹھائے گئے اَقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔
دورانِ میٹنگ ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی گئی جس میں گلٹی دار جلد بیماری کی ضلع وار صورتحال پر روشنی ڈالی گئی ۔اِس کے علاوہ ویکسی نیشن ، اَدویات کے اِستعمال ، ویکسین کی خریداری اور ٹیسٹنگ کے لئے نمونے لینے جیسے کنٹرول کے اقدامات کی تفصیل دی گئی ۔ میٹنگ میں جموںوکشمیر میں بیماری کے پھیلائو کو روکنے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ عوام میں بیداری پھیلانے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی میں مختلف مقامات پر گلٹی دارجلد بیماری سے متعلق بیداری کیمپوں کا اِنعقاد کیا جارہا ہے۔
اَتل ڈولو نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی سفارشات کے مطابق علاج کے مناسب پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیا او راَفسران سے کہا کہ وہ میویشیوں کی نقل و حمل پر قابو رکھیں اور نقل مکانی کرنے والے مویشیوں کو زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں تاکہ اِس بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔
اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اُبھرتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ماہر ٹیموں کے دور ے کو یقینی بنائیں اور مناسب ویکسی نیشن کو یقینی بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ فیلڈ سٹاف کو شامل کریں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفراد کو بیداری مہم شروع کرنے اور گھر گھر جاکر معائینہ کرنے کے علاوہ فیلڈ سٹاف کے دورے کرنے کی ہدایت دی تاکہ فارمروں کو گلٹی دار جلد بیماری سے آگاہ کیا جاسکے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اَدویات کی دستیابی کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں جبکہ دونوں ڈائریکٹر ان کو ہدایت دی کہ وہ تمام متاثرہ علاقوں میں مطلوبہ اَدویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ اِس پھیلائوں سے بروقت اور مؤثر طریقے سے نمٹاجاسکے۔
اِس سے قبل بتایا گیا تھا کہ اَب تک 49,477 مویشی گلٹی دار جلد بیماری سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 43,040 صحت یاب ہوچکے ہیں ۔ یہ بھی بتایا گیا کہ جموںوکشمیر میں مویشیوں کو 86,8000 خوراکیں دی گئی ہیں۔
