سرینگر ،26 اکتوبر :
جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ٹریفک میں خلل سے بچنے کے لئے خانہ بدوش خاندانوں اور اُن کے تقریباً 16500 مویشیوں کو ٹرکوں سے بانہال سے جموں لے جایا گیا۔رامبن ضلع اتھارٹی نے خانہ بدوش خاندانوں کو قومی شاہراہ پر ٹریفک جام سے بچنے کے لئے اپنے مویشیوں کے ساتھ پیدل نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے ۔یہ شاہراہ ضلع کی واحد ہمہ موسمی سڑک ہے جو کشمیر کو باقی ہندوستان سے ملاتی ہے۔
ایک سینئر ضلعی اہلکار نے کہا کہ ہجرت کرنے والے قبائلی خاندانوں کے تقریباً 16,500 مویشیوں کو قبائلی امور کے محکمے اور جموں و کشمیر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے تعاون سے بانہال سے منتقل کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعد کے مراحل میں مزید مویشیوں کو منتقل کیا جائے گا۔اہلکار نے بتایا کہ خانہ بدوش خاندانوں کو روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں پر لے جایا جا رہا ہے۔
موسم سرما کے آغاز میں یہ خاندان پہاڑی علاقوں سے میدانی علاقوں کی طرف ہجرت کرتے ہیں ۔اور موسم گرما شروع ہوتے ہی یہ خانہ بدوش خاندان میدانی علاقوں سے پہاڑی علاقوں کی طرف نقل مکانی کرتے ہیں ۔اور بیشتر خانہ بدوش وادی کے لئے جموں سرینگر قومی شاہراہ سے گزرتے ہیں ۔
