سرینگر، 27 اکتوبر :
شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے شیری چندوسہ کے سلطان پورہ جنگلاتی علاقے میںجنگجوئوںکے ساتھ گولی باری میں زخمی ہونے والا ایک فوجی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔ سرینگر میں مقیم وزارت دفاع کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاعلاقے میںجنگجوئوں کی موجودگی کی مخصوص انٹیلی جنس کی بنیاد پر فوج اور پولیس کی طرف سے 26 اکتوبر کی صبح تقریباً 05.00 بجے ایک مشترکہ محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تھا۔جب صبح تلاشی شروع ہوئی اور پارٹی جنگل کی طرف بڑھ رہی تھی، تو جنگجوئوںنے تلاشی پارٹی پر گولی چلا دی ۔
اس کے بعد ہونے والی فائر فائٹ میں، رائفل مین کلبھوشن مانتا کو گولی لگنے سے زخم آئے۔ انہیں فوری طور پر جی ایم سی بارہمولہ لے جایا گیا اور مزید ہیلی کاپٹر کے ذریعے 92 بیس اسپتال سرینگر پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کی صبح تقریباً 11.45 بجے انہیں دل کا دورہ پڑا اور ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ ان کی میت کو آخری رسومات کے لیے ان کے آبائی مقام گاؤں گونٹھ، پوسٹ مانجھولی، شملہ، ہماچل پردیش میں بھیج دیا جائے گا۔
