جموں،30اکتوبر:
ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور جلسوں کے ذریعے عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے کے لیے چیئرمین غلام نبی آزاد کا جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع کے لئے دس روزہ دورہ 31 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ آزاد کی توجہ وادی چناب کے علاقوں پر زیادہ ہوگی۔ وہ پانچ دن وادی چناب کے ڈوڈہ، رام بن، کشتواڑ، بھدرواہ میں گزاریں گے۔ چونکہ غلام نبی آزاد کا آبائی گاؤں ضلع ڈوڈہ کے بھلیسہ میں ہے ۔کانگریس سے علحیدگی کے بعد بیشتر کانگریسی لیڈر جو کانگریس چھوڑ کر ڈیموکریٹک آزاد پارٹی میں شامل ہوئے ہیں، چناب وادی سے آئے ہیں۔
عوامی جلسوں سے خطاب کے علاوہ آزاد مختلف وفود سے ملاقات کریں گے۔ وہ 31 اکتوبر سے سری نگر سے اپنے دورے کا آغاز کریں گے۔ آزاد 31 اکتوبر کو دہلی سے سری نگر پہنچیں گے۔اور 2 نومبر تک سری نگر میں وفود سے ملاقات کریں گے۔طے شُدہ پلان کے مطابق آزاد 3 نومبر کو جموں آئیں گے۔اور 5 نومبر سے وادی چناب کے علاقوں کا دورہ شروع کریں گے۔ اس میں وہ بٹوت، عسّر، ڈوڈہ، ٹھاٹھری، گندوہ، کلہوتران، کاستی گڑھ، کھلینی میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ 9 نومبر کو جموں آنے کے بعد وہ 10 نومبر کو دہلی روانہ ہوں گے۔پارٹی کی تشکیل کے بعد آزاد نے جموں و کشمیر کے کئی دورے کیے لیکن جموں اور سری نگر تک محدود رہے لیکن اس بار ان کی خصوصی توجہ وادی چناب کے اضلاع پر مرکوز رہے گی۔ سابق وزراء جی ایم سروڑی، عبدالمجید وانی ان اضلاع سے نمایاں طور پر آتے ہیں۔ یہ دونوں پہلے ہی کانگریس چھوڑ کر آزاد کی پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں۔ آزاد کے قریبی محمد شریف نیاز کافی عرصہ قبل انتقال کر گئے تھے۔ نیاز وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ آزاد کا اثر وادی چناب کے علاقوں میں رہا ہے۔ اس لیے وہ اس بار اپنے دورے میں وہاں عوامی جلسے کریں گے۔ آزاد کے دورے کے پیش نظر رہنماؤں، کارکنوں نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
پارٹی کے سینئر لیڈر بلوان سنگھ کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کی عوامی رابطہ مہم تیز رفتاری سے جاری ہے۔ پارٹی کا ایجنڈا صاف ہو چکا ہے۔ جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنے، مقامی لوگوں کو زمین اور ملازمتوں کے حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رہے گی۔ آزاد پارٹی کو بہت زیادہ وقت دے رہے ہیں۔ پارٹی کو زمین پر مضبوط بنانے کے لیے ہر علاقے کا احاطہ کیا جا رہا ہے۔
