سرینگر،02 نومبر :
انٹرنیٹ کے اس دور میں آج بھی جموں و کشمیر میں تقریباً 11 فیصد لوگ ایسے ہیں جو نہ تو موبائل فون اور نہ ہی لینڈ لائن فون استعمال کرتے ہیں۔ اگرچہ جے کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن انقلاب آہستہ آہستہ سو فیصد کی طرف بڑھ رہا ہے اور پچھلے سال کے مقابلے اس سال فون استعمال کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے لیکن پھر بھی سو فیصد ہدف کو حاصل کرنے کے لیے برسوں لگ سکتے ہیں۔
ٹیلی کام وزارت کے ذریعہ حال ہی میں جاری کردہ ٹیلی کام سبسکرپشن کے اعداد و شمار کے مطابق، اگست 2022 تک دہلی میں لائسنس یافتہ سروس ایریا کی بنیاد پر سب سے زیادہ ٹیلی کثافت ہے، جس میں فی 100 افراد میں 268 موبائل یا ٹیلی فون ہیں۔ اس رپورٹ میں جموں و کشمیر نویں نمبر پر ہے۔ 100 افراد کے لیے 88.86 موبائل یا ٹیلی فون ہے۔
جموں و کشمیر میں لینڈ لائن فون کی بات کریں تو اس علاقے میں کبھی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ کا دبدبہ تھا، لیکن اب یہاں بھی ریلائنس جیو نے سب کو مات دے دی ہے۔جموں و کشمیر میں اگست 2022 تک ایک کروڑ 20 لاکھ 10 ہزار 470 موبائل استعمال کرنے والے تھے اور ریاست کے تین لاکھ 55 لوگ اب بھی لینڈ لائن فون استعمال کر رہے ہیں۔
