جموں ،4 نومبر:
جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن میں جمعہ کے روز ایک رہائشی گھر مٹی کے تودے کی زد میں آنے سے ماں بیٹی لقمہ اجل جبکہ ایک زخمی ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق بفلیاز گاؤں کے قریب ایک رہائشی گھر پہاڑی سے مٹی کے تودے ،پتھر گرنے سے دب گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ واقعہ راجوری سے تھانہ منڈی کے راستے سرنکوٹ تک سڑک کو اپ گریڈ کرنے کے منصوبے کے مقام پر پیش آیا۔حکام نے بتایا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو گھر میں کل پانچ میں سے تین افراد گھر میں موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ تینوں ملبے تلے دب گئے، انہوں نے مزید کہا کہ بفلیاز کیمپ سے بھارتی فوج کی کوئیک ری ایکشن ٹیموں اور بہرام گالہ چوکی سے پولیس ٹیموں نے مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
بڑی کوششوں کے بعد خاندان کے تینوں افراد کو ملبے تلے سے باہر نکالا گیا۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ان سب کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال سرنکوٹ لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران ان میں سے دو کی موت ہو گئی جبکہ ایک خاندان کے رکن کو شدید زخمی حالت میں جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ اسپتال راجوری منتقل کر دیا گیا ہے۔ متوفی کی شناخت نسیمہ اختر زوجہ محمد لطیف ، روبینہ اختر دختر محمد لطیف کے طور پر ہوئی ہے ۔زخمی محمد لطیف ولد محمد حسین کو ایس ڈی ایچ سرنکوٹ سے جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ اسپتال راجوری ریفر کیا گیا ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے کیونکہ کچھ مویشی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
