سرینگر/4نومبر :
نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی سے وابستہ کپوارہ کے دو درجن سے زیادہ سرکردہ کارکنوں نے جمعہ کو ہیہامہ کپواڑہ میں ایک جلسہ عام کے دوران پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کر لی ۔ پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے پارٹی میں ان کا پر تپاک استقبال کیا۔ پیپلز کانفرنس کے سینئر لیڈران اور عہدیداران بشمول ایڈوکیٹ بشیر احمد ڈار، فیاض میر، چیئرمین ڈی ڈی سی کپواڑہ عرفان پنڈتپوری، وائس چیئرمین ڈی ڈی سی کپواڑہ حاجی فاروق احمد، ضلع صدر میر حفیظ اللہ، ڈی ڈی سی مسرت فاروق، ڈی ڈی سی حبیب اللہ بیگ، میونسپل چیئرمین کپواڑہ ریاض میر، یوتھ پیپلز کانفرنس اسٹیٹ سیکرٹری عابد حسین سمیت دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔پارٹی میں شامل ہونے والوں میں ناصر علی خان، آفریدی نذیر احمد خان، ثناء اللہ میر، غلام محمد میر، عصمت علی خان، غلام نبی خان، مشتاق احمد خان، غلام حسن خان، مسرت بیگم، فاروق احمد خان، خالدہ بیگم، حسین خان، عبدالرشید خان، حاجی، محمد سلطان، عبدالرحمن، غلام، محمد وانی، محمد سلطان گنائی، عبدالاحد میر، محمد سمندر خان سمیت دیگر دیگر کارکنان بھی شامل ہیں ۔
کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے کہاکہ جموں و کشمیر کو مثبت امیدوں پر مبنی سیاست کی ضرورت ہے نہ کہ جانبداری اور ناامیدی کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے پیپلز کانفرنس کسی بھی اختلاف رائے سے بالاتر ہو کر کشمیر کو مرکزیت اور اولیت دے کر عوام کو بااختیار بنانے کے لئے انتھک محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام خاص طور پر جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے مفادات کا تحفظ موجودہ دور میں قیادت کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ایک ہمدرد اور دیانت دار حکومت کی ضرورت ہے جو متعصبانہ مفادات سے بالاتر ہو کر لوگوں کی ضروریات کو اولین ترجیح دے۔
لون نےانتظامیہ اور عوام کے درمیان رابطے کی کمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زمینی سطح پر عام لوگوں کی پریشانیاں ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہیں اور انتظامیہ کو بیان بازی سے آگے بڑھ کر عوام کو منسلک کرنے کے لئے مخلصانہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
