جموں ،9 نومبر:
گزشتہ ماہ پولیس نے کشتواڑ ضلع اسپتال سے بچہ اغوا کیس کا معمہ حل کیا تھا ۔اور اس معاملے میں ایک خاتون کو گرفتار کیا تھا ۔مذکورہ خاتون کو آج پولیس نے پی ایس اے کے تحت جیل منتقل کر دیا ہے ۔شبنم بیگم نامی ملزمہ نے ضلع اسپتال سے ایک چھ ماہ کے شیرخوار بچے کو اغوا کر لیا تھا ۔پولیس کی بروقت کاروائی کے بعد بچّہ کو بازیاب کرا لیا گیا تھا ۔اور مذکورہ خاتون کے خلاف پولیس تھانہ کشتواڑ میں ایک ایف آئی آر نمبر 232/2022 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کی گئی ۔اور ملزمہ کو احتیاطی حراست کے طور جیل بھیج دیا تھا ۔ضمانت کی درخواستوں کو سی جے ایم کورٹ کشتواڑ نے پہلے مسترد کر دیا تھا۔
ملزمہ خاتون کی درخواست ضمانت پر وکلاء کی بحث ہوئی جس میں پولیس اور پراسیکیوشن افسران نے درخواست ضمانت مسترد کرنے کے لیے منطقی مقابلہ کیا ۔اور مقدمہ کو مفاد عامہ قرار دیا ۔بعد ازاں سیشن کورٹ نے مذکورہ خاتون کے حق میں ضمانت منظور کر لی۔
پولیس ترجمان کے مطابق مذکورہ خاتون کو پی ایس اے کے تحت متعلقہ حکام سے پی ایس اے وارنٹ حاصل کرنے کے بعد حراست میں لیا گیا ہے ۔اور اُسے ڈسٹرکٹ جیل کٹھوعہ منتقل کر دیا گیا ہے ۔ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور اپنے پڑوس میں ایسی کسی بھی مشکوک یا دھوکہ دہی کی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے کو دیں۔
