ایڈیلیڈ، 10 نومبر :
ایلکس ہیلز (86 ناٹ آؤٹ) اور جوس بٹلر (80 ناٹ آؤٹ) کی نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے جمعرات کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان کے ساتھ فائنل میں جگہ بنالی ہندوستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا جسے بٹلر-ہیلز کی جوڑی نے چار اوورز باقی رہتے حاصل کر لیا۔
ایلکس ہیلز نے 47 گیندوں پر چار چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 86 رنز بنائے جبکہ کپتان بٹلر نے 49 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 80 رنز بنائے۔
میلبورن میں اتوار کو ہونے والے فائنل میں انگلینڈ اور پاکستان دونوں ٹیمیں دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے کا دعویٰ پیش کریں گی۔ انگلینڈ نے اس سے قبل 2010 میں ٹائٹل جیتا تھا جب کہ اسے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان نے 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کی تھی اور یہ ان کا دوسرا فائنل ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 1992 کے ورلڈ کپ کا فائنل بھی انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا جہاں عمران خان کی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
