سرینگر،24مئی:
جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے صورہ علاقے میں مشتبہ جنگجووں نے پولیس اہلکار پر اندھا دھند فائرنگ کی جس دوران اُس کی بیٹی بھی زخمی ہوئی، گر چہ دونوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے پولیس اہلکار کو مردہ قرار دیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ منگل کی سہ پہر کو ملی ٹینٹوں نے آنچار صورہ سری نگر میں پولیس اہلکار سیف ا للہ قادری ولد محمد سعید قادری ساکن ملک صاحب پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں پولیس اہلکار کی بیٹی بھی زخمی ہوئی ہے اور دونوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے پولیس اہلکار کو مردہ قرار دیا۔
دریں اثنا ہسپتال ذرائع سے معلوم ہو اہے کہ پولیس اہلکار کی برسر موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی کیونکہ اُس کے جسم کے نازک حصوں میں گولیاں لگی تھیں۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔ (یو این آئی)
