سری نگر،02 جون:
جنوبی ضلع کولگام کے موہن پورہ گاوں میں بینک منیجر وجے کمار کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر ڈرون کیمروں اور کھوجی کتوں کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ آہرو موہن پورہ کولگام میں ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں بینک منیجر کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کیا ۔
انہوں نے بتایا کہ اقلیتوں سے وابستہ ملازمین کنبوں کی سیکورٹی بڑھائی گئی ہے جبکہ پنڈت کالونیوں کے اردگرد بھی فورسز اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
اُ ن کے مطابق بینک منیجر کی ہلاکت میں ملوث حملہ آوروں کو بڑے پیمانے پر تلاش کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی گئی ہے اور دو بندوق بردا ر اس میں ملوث ہیں جن کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے
پولیس ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کے ساتھ ساتھ سیب کے باغات کو بھی محاصرے میں لے لیاہے ۔
دریں اثنا موہن پورہ کولگام میں بینک منیجر کی ہلاکت کے بعد غیر مقامی ملازمین اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں اور وہ اپنے گھر جانے کے خواہاں ہے۔
