سرینگر،10جون:
فوجی چیف نے اُدھم پور میں فوجی چھاونی کا دورہ کیا اور وہاں پر سالانہ امر ناتھ یاترا اور سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ فوجی سربراہ نے اس موقع پر کہاکہ وادی کشمیر میں کسی کو بھی پُر امن حالات میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق فوجی چیف جنرل منوج پانڈے نے ناردرن فوجی کمانڈ کا دور کیا اور وہاں پر سینئر آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی ۔
ذرائع نے بتایا کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں فوجی سربراہ کو جانکاری فراہم کی گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران انہیں بتایا گیا کہ یاترا روٹوں پر اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ بھگوتی نگر سے لے کر پوترا گھپا تک حفاظت کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران فوجی چیف نے آفیسران کو ہدایت دی کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کی حفاظت کے لئے زمینی سطح پر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امن و امان میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دریں اثنا پولیس ذرائع کے مطابق سالانہ امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر میٹنگیں ہو رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بھگوتی نگر سے لے کر پوترا گھپا تک جتنے بھی حساس علاقے وہاں پر تین دائروں والی سیکورٹی تعینات کی گئی۔جموں میں گزشتہ ایک ہفتے سے پاکستانی ڈرونز کے ذریعے بارودی مواد کو اس طرف بھیجا گیا اگر چہ سیکورٹی فورسز نے ہمسایہ ملک کے منصوبے کو وقت رہتے ناکام بنایا تاہم اس طرح کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی طرف سیکورٹی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی۔
ذرائع کے مطابق جموں میں بین الاقوامی کنٹرول لائن اور اس کے آس پاس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کو چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں جبکہ سرحدوں کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں کو بھی مشکوک نظر آنے والے افراد کے بارے میں فوری طورپر پولیس کو مطلع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔بشمولات یو پی آئی
