سری نگر،12جون :
جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے پالپورہ سنگم علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین اچانک آمنا سامنا ہوا جس دوران پولیس نے ایک مقامی جنگجو کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
آئی جی کشمیر کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ دو پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے مضافاتی علاقے پالپورہ سنگم میں اتوار کی سہ پہر کو جموں وکشمیر پولیس اور ملی ٹینٹوں کے مابین اچانک گولیوں کا تبادلہ ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ اس مختصر جھڑپ میں پولیس نے ایک مقامی جنگجو کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
آئی جی کشمیر وجے کمار نے تصادم کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سری نگر کے پالپورہ سنگم میں پولیس اور ملی ٹینٹوں کے مابین ایک چانس انکاونٹر میں مقامی جنگجو مارا گیا۔
انہوں نے مہلوک جنگجو کی شناخت عادل پرے ساکن گاندربل کے بطور کی ہے۔آئی جی نے بتایا کہ مہلوک جنگجو دو پولیس اہلکاروں غلام حسن ڈار ساکن سنگم اور سیف اللہ قادری ساکن آنچار سری نگر کے قتل میں ملوث تھا۔
