سری نگر،13جون:
نئے عوام دوست سافٹ ویئر کی تنصیب کے پیش نظر جموں و کشمیر بینک کی تمام شاخوں میں لین دین اور دیگر طریقہ کار متاثر ہوئے ہیں جس سے لوگوں کو بڑے پیمانے پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جموں و کشمیر کے تمام بینک برانچوں کا سسٹم پیرکی صبح کریش ہو گیا ۔اس بینک سے جڑے گاہکوں اورصارفین نے کہا کہ چیکوں کے ذریعے ہونے والی لین دین متاثر ہوئی ہے کیونکہ جموں و کشمیربینک کی شاخوں میں چیک قبول نہیںکئے جا رہے ہیں۔
جموں وکشمیر بینک کے کچھ ذمہ داروںنے ذرائع ابلاغ کوبتایا کہ مذکورہ بینک کی کئی شاخوں میں تکنیکی خرابی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس پر کام کر رہے ہیں اور خدمات کو جلد از جلد بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
قابل غور بات یہ ہے کہ بینک نے عام لوگوں کو ایک پیشگی ایس ایم ایس بھیجا تھا جس میں یہ بتایا گیا تھا کہ اس مہینے میں طے شدہ ایک بڑا سسٹم اپ گریڈ خدمات میں عارضی خلل کا باعث بن سکتا ہے۔جے کے بینک، ایس ایم ایس میں صارفین کویہ جانکاری فراہم کی گئی تھی کہ” اس مہینے میں طے شدہ بڑے سسٹم اپ گریڈ کی وجہ سے خدمات میں عارضی خلل پڑ سکتا ہے۔ ہم آپ کے تعاون کی درخواست کرتے ہیں اور آپ سے ہمارے ساتھ برداشت کرنے کی درخواست کرتے ہیں“۔
جے کے بینک کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ نیا سسٹم سافٹ ویئر صارف دوست ہوگا اور ایک بار کام کرنے کے بعد صارفین کا وقت بچائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیا نظام جلد فعال ہو جائے گا۔(جے کے این ایس )
