سری نگر ،13جون:
اِنتظامی کونسل کی میٹنگ آج یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں محکمہ ریونیو کی جانب سے زمین کے مختلف پارسلوں کو عوامی مقاصد کے لئے منتقل کرنے کی تجویز کو منظور دی ۔
میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہت ااور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے شر کت کی۔
اِنتظامی کونسل نے ضلع بڈگام اور شوپیان میں نئے سرکاری ڈگری کالجوں کی تعمیر کے لئے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حق میں 138 کنال 11مرلہ اَراضی منتقل کرنے کو منظوری دی۔ یہ اَراضی اعلیٰ تعلیم کو مفت منتقل کی جائے گی۔
اِس فیصلے کا مقصد دونوں اَضلاع میں معیاری اعلیٰ تعلیم تک آسان رَسائی فراہم کرتے ہوئے جموںوکشمیر میں اعلیٰ تعلیمی ماحولیاتی نظام کو مستحکم بنانا ہے ۔نئے کالجوں کو فعال کرنے سے منظور شدہ تعداد کے مطابق تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی بھرتی کو بھی فروغ ملے گا۔
اِنتظامی کونسل نے مزید ہدایت دی کہ مختلف اَضلاع میں قائم ہونے والے ڈگری کالجوں کے لئے زمین کی ضرورت کو محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ذریعے معیاری بنایا جائے گا۔
مزید برآ ں ، ضلع کپواڑہ کے گائوں پازی پورہ اور چونٹی پورہ میں 4کنال ( ہر ایک میں دو کنال) کی اراضی کو محکمہ صحت و طبی تعلیم کے حق میں دو آیوش ہیلتھ اینڈ ویلنس مراکز کے قیام کے لئے منتقل کرنے کی منظور ی بھی دی گئی ۔
آیوش ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر کا قیام اِنڈین میڈیسن سسٹم ( آئی ایس ایم ) کے تحت علاج کو فروغ دے گا اور علاقے کے آیوش پیشہ ور اَفراد کو روزگار کے مختلف مواقع فراہم کرے گا۔
