سری نگر،19جون :
جموں وکشمیر پولیس نے کرالہ گنڈ ہندواڑہ میں البدر تنظیم سے وابستہ تین ملی ٹینٹ اعانت کاروں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 92 بٹالین سی آر پی ایف، 32 آر آر اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے وانگام کراسنگ کے نزدیک اتوار کے روز ناکہ لگایا گیا جس دوران تین افراد کی گرفتاری عمل میں لاکر اُنہیں پوچھ تاچھ کی خاطر نزدیکی پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران گرفتار شدگان کی شناخت ناظم احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ،سراج الدین خان ولد بشیراحمد خان اور عادل گئل ولد غلام محی الدین ساکنان کھائی پورہ کرالہ گنڈ کے بطور ہوئی ار اُن کے قبضے سے ایک پستول ، ایک میگزین، آٹھ گولیوں کے راونڈ اور دو ہینڈ گرینیڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔
پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 40 کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں کالعدم تنظیم البدر کے ساتھ وابستہ ہیں اور اُنہیں پاکستانی ہینڈلرز کی جانب سے علاقے میں جنگجویانہ کارروائیوں کو انجام دینے کا کام سونپا گیا تھا۔
