ڈوڈہ ، 20 جون :
ضلع ڈوڈہ کے دور دراز علاقہ دیسہ کے ایک بیابان جنگل سے نوزائد لاوارث بچّہ برآمد ہوا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ڈوڈہ دیسہ کپرن سڑک سے تقریباً پندرہ کلو میٹر دور پہاڑی پر واقع گئی بی پنچائت کے تحت آنے والے ویران جنگل میں نو زائد بچّہ ملا ہے ۔
گئی دیسہ کے ایک مقامی پنچ نے بتایا کہ موسم گرما میں بیشتر لوگ اپنے مال اور مویشیوں کو لے کر پہاڑی چراگاہوں میں عارضی رہائش اختیار کرتے ہیں ۔اُنہوں نے بتایا کہ گزشتہ چار روز قبل حسب معمول ان کی بھتیجی نے پانی لانے کے لئے جنگل کا رُخ کیا اور تھوڑی دور جاکر وہ ویران بیابان سے بچّے کے رونے کی آواز سُن کر سہم گئی ۔ وہاں حسب معمول جنگلی درندوں کی آوزیں سُنائی دیتی ہیں۔اُس نے بچّے کی جنگل میں موجودگی کی اطلاع ڈھوک میں رہنے والے دیگر لوگوں کو دی جس کے بعد علاقہ کے معزز افراد و سرپنچ کے کہنے پر فوراً بچّے کو اپنے گھر لے گئے اور بعد پولیس کو بھی اس بارے میں مطلع کیا گیا۔
اس واقعہ کے قریب چار روز بعد بچّے کو ضلع اسپتال ڈوڈہ لایا گیا جہاں وہ صحت مند ہے جبکہ پولیس کی جانب سے بچّے کے حقیقی وارث کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ مقامی پنچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسپتال میں بچّے کو گود لینے کے لئے کافی لوگ کوشیش یر رہے ہیں ۔لیکن وہ بچّے کو گود لینے کے حقدار ہیں چونکہ اُنہوں نے ایک ویرانے میں بچّے کو بچا کر دودھ پلایا ہے اور اُس کی پرورش کی ہے۔ اس لئے بچّہ اُن کو ملنا چاہیے۔ اُن کے ہاں چار بیٹیاں ہیں ۔
