سری نگر،20جون:
رواں ماہ کے آخر سے شروع ہونی والی امرناتھ یاترا کے سلسلے میں جموں کشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ میں تیاریاں عروج پر ہیں۔ جموں شاہراہ پر سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جموں شاہراہ پر سکیورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ چیکنگ کا سلسلہ بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ جموں شہر میں بھی سیکورٹی کے انتظامات سخت کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار اور پولیس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مکیش سنگھ نے سکیورٹی گاڑیوں کے ایک قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جموں سے بانہال تک یاترا کی سیکورٹی کی لیے ایک ٹرائل چلایا۔ پولیس کے ایک سینیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جموں، ادھم پور اور رامبن اضلاع کی طرف سے یاترا کے لیے کیے گئے سیکورٹی سمیت تمام انتظامات کا جموں صوبہ کے دو سینیئر سول اور پولیس افسران نے ذاتی طور پر جائزہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ یاترا کے پُر امن انعقاد کے لیے ینگر جموں شاہراہ پر سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، جس دوران شاہراہ پر سکیورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ چیکنگ کا سلسلہ بھی تیز کر دیا گیا ہے، جب کہ ‘یاترا نواس ‘ کی جگہ بگھوتی نگر میں حفاظت کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ یاتریوں کی پہلی کھیپ بھگوتی نگر بیس کیمپ جموں سے ایک دن پہلے یاترا کے لیے روانہ ہوگی اور جموں سرینگر شاہراہ سے گزر کر پہلگام اور بال تل میں اپنے متعلقہ بیس کیمپوں تک پہنچے گی۔ حکام نے کہا کہ موسمی حالات کی وجہ سے ہائی وے کی بندش کی صورت میں ٹرانزٹ کیمپوں میں یاتریوں کی رہائش کو یقینی بنانے کے لیے ایک ہنگامی منصوبہ پہلے سے ہی تیار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو صاف کرکے ہائی وے کو جلد کھولنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
