سری نگر،21جون:
پولیس نے سری نگر میں منگل کے روز مبینہ طور پر جنگجویانہ سرگرمیوں کے لئے استعمال ہونے کی پادائش میں پانچ رہائشی مکانوں کو منسلک کردیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مزید کئی رہائشی مکانوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور اْنہیں بھی بہت جلد اٹیچ کیا جائے گا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع سری نگر میں جنگجویانہ سرگرمیوں کے لئے استعمال میں لائے گئے پانچ رہائشی مکانوں کو منسلک کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ وہ گھر ہیں جہاں یہ بات بلا شبہ ثابت ہو چکی ہے کہ یہ مکانات ملی ٹینسی کے مقصد کے لئے استعمال کئے گئے تھے اور یہ کہ مذکورہ مکانوں میں رہا ئش پذیر مکینوں نے ہی جان بوجھ کر ملی ٹینٹوں کو پناہ دی تھی۔
اْن کے مطابق مذکورہ رہائشی مکانوں میں ہی عام شہریوں اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی تھی اور ان مکانوں کو بطور ہائیڈ آوٹ استعمال میں لایا جاتا تھا۔موصوف ترجمان کے مطابق پارمپورہ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر زیر نمبر 257/2020 کے تحت دو مکان منسلک کئے گئے۔اسی طرح پانتھ چوک پولیس تھانے میں درج مقدمہ زیر نمبر 132/2021، نوہٹہ پولیس تھانے میں درج ایف آئی آر زیر نمبر 35/2021،زکورہ تھانے میں درج ایف آئی آر زیر نمبر 2/2022کے تحت پانچ مکانات فی الحال منسلک کئے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں کئی اور مکانوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں جنگجو ہائیڈ آوٹ کے بطور استعمال میں لا رہے تھے۔پولیس نے عوام الناس سے ایک دفعہ پھر اپیل کی ہے کہ وہ ملی ٹینٹوں کوپناہ دینے سے گریز کریں۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو اس صورت میں قانون کے مطابق مکانات کو اٹیچ کرنے کی کارروائی کے لئے مجبور ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رہائشی مکانوں میں ملی ٹینٹوں کی جانب سے زبردستی داخل ہونے کی صورت میں معاملے کو فوری طورپر پولیس کی نوٹس میں لایا جائے ۔یو این آئی
