سرینگر 21 جون :
لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے ایس کے آئی سی سی میں شطرنج کے گرینڈ ماسٹر پروین تھپسے کو شطرنج اولمپیاڈ مشعل سونپی ۔ شطرنج اولمپیاڈ کی پہلی مشعل جسے وزیر اعظم نریندر مودی نے 19 جون کو دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم سے لانچ کیا تھا ، 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ کیلئے تامل ناڈو کے مہابلی پورم میں اختتام پذیر ہونے سے پہلے 40 دنوں میں 75 شہروں کا سفر کرے گی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر میں ہر ایک کیلئے پہلی مرتبہ شطرنج اولمپیاڈ مشعل کی میزبانی کرنا بڑے فخر کا لمحہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک اپنے سفر میں یہ مشعل راہ روشن کرے گی اور لوگوں کو اچھی اسپورٹس مینشپ ، ٹیم ورک ، امن ، ہم آہنگی اور بھائی چارے کی اقدار کو فروغ دینے کیلئے اکٹھا کرے گی ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں کھیلوں کا بہت مضبوط کلچر ہے اور اس طرح کے ایونٹس سے نوجوان کھلاڑیوں کو شطرنج کا مقابلہ کرنے کی ترغیب ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ آج تقریباً ہر ضلع میں شطرنج کے مقابلے منعقد ہو رہے ہیں اور یو ٹی سے چھ نوجوانوں کو 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ دیکھنے اور لیجنڈری گرینڈ ماسٹرز سے رہنمائی لینے کیلئے چنئی بھیجا جا رہا ہے ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ شطرنج کا کھیل تخلیقی سوچ ، نظم و ضبط ، مہارتوں اور کھلاڑیوں کی تجزیاتی صلاحیت کو بڑھاتا ہے اور یو ٹی انتظامیہ نوجوانوں میں شطرنج کو مقبول بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔
لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر یو ٹی نے ملک کو شطرنج کے بہت باصلاحیت کھلاڑی دئیے ہیں جن میں مینل گپتا ، آروشی کوتوال اور سوہم کموترہ شامل ہیں ۔ مجھے یقین ہے کہ مزید ابھرتے ہوئے شطرنج کے کھلاڑی آئندہ چیمپین شپ میں ملک اور یو ٹی کا نام روشن کریں گے ۔
لفٹینٹ گورنر نے شطرنج ایسوسی ایشن اور جموں و کشمیر سپورٹس کونسل سے بھی کہا کہ وہ سرینگر میں 2 جولائی سے شروع ہونے والے آئندہ ’ کشمیر اوپن انٹر نیشنل ایف آئی ڈی ای ریٹنگ شطرنج ٹورنامنٹ ‘ کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں ۔
لفٹینٹ گورنر نے مسٹر پروین تھپسے ، شطرنج کے گرینڈ ماسٹر اور ارجن ایوارڈی کے ساتھ شطرنج کے بورڈ پر کچھ ابتدائی چالیں بھی چلائیں ۔ جموں و کشمیر شطرنج ایسوسی ایشن کے صدر مسٹر اتل کمار گپتا نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں جموں و کشمیر میں کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے لفٹینٹ گورنر کی قیادت والی یو ٹی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔
اس موقع پر مئیر ایس ایم سی جنید عظیم مٹو ، ڈی ڈی سی چئیر مین سرینگر شیخ آفتاب ملک ، پرنسپل سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر الوک کمار ، کمشنر ایس ایم سی مسٹر اطہر عامر ، ڈپٹی کمشنر سرینگر مسٹر محمد اعجاز ، جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کی سیکرٹری محترمہ نزہت گل ، پولیس اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران کے علاوہ کھیلوں کی سرکردہ شخصیات ، ابھرتے ہوئے کھلاڑی موجود تھے ۔
