سرینگر،22جون:
اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے دریاوں اور ندی نالوں میں سطح آپ اونچی ہوجانے کے پیش نظر تمام تر احتیاطی اقدامات کریں اور الرٹ رہیں۔انہوں نے انتظامیہ سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اُن علاقوں میں عوام کی حفاظت اور مدد یقینی بنائیں، جہاں سیلاب کا خدشہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی اپنی پارٹی کے لیڈر نے پارٹی کارکنان کو تلقین کی ہے کہ وہ متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے خود کو دستیاب رکھیں۔
ایک بیان میں میر نے کہا ہے کہ چونکہ انتظامیہ نے فلڈ الرٹ جاری کردیا ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ دریآوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے، اس لئے لوگوں کو تمام تر احتیاطی اقدامات اختیار کرنے چاہیں۔
انتظامیہ سے بروقت اقدامات کرنے کی تلقین کرتے ہوئے غلام حسن میر نے کہا، "حکام کو یہ بات یقینی بانی چاہیے کہ جب تک سیلاب کا خطرہ ٹل نہیں جاتا، متعلقہ محکمے عوام کی مدد کے لئے رات دن الرٹ رہیں۔ نکاس آب کے سٹیشنز کو تیاری کی حالت میں رکھا جانا چاہیے اور امدادی ٹیموں کو بھی الرٹ رکھا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کو ہیلپ لائن قائم کرنے چاہیے تاکہ ضرورت پڑنے پر لوگ مدد طلب کرسکیں۔”
میر نے مزید کہا، "مسلسل بارشوں کی وجہ سے سرینگر شہر کے بعض علاقوں میں سڑکوں اور گلی کوچوں میں پانی جمع ہوگیا ہے، انتظامیہ کو چاہیے کہ ان علاقوں میں ڈرینوں کی صفائی کے لئے افرادی قوت کام پر لگائے تاکہ نکاس آپ کے راستے مسدود نہ ہوجائیں۔”
انہوں نے اپنی پارٹی کے ورکرز کو ہدایات دی ہیں کہ جب تک سیلاب کا خطرہ پوری طرح ٹل نہیں جاتا وہ خود کو لوگوں کی مدد کرنے کے لئے تیاری کی حالت میں رکھیں۔ انہوں نے کہا، ” ہمیں خاص طور سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے تیار رہنا چاہیے۔”
