ویب مانیٹرینگ
سعودی عرب میں حج کے لیے موجود 10 لاکھ عازمین آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے میدان عرفات روانہ ہو رہے ہیں، جہاں 14 سو سال قبل پیغمبر اسلام نے اپنا آخری خطبہ دیا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق جمعرات کو عازمین مسجد الحرام سے منٰی کی وادی میں پہنچے تھے۔
وہاں تک جانے کے لیے سات کلومیٹر کا سفر کچھ عازمین نے پیدل طے کیا جبکہ بعض بسوں کے ذریعے پہنچے، انہوں نے ایئرکنڈیشنڈ خیموں میں رات گزاری۔مناسک حج کا آغاز جمعرات کو ہوا تھا، اس برس سعودی عرب نے10 لاکھ مقامی اورغیرملکی عازمین کو حج کی اجازت دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات کو لاکھوں زائرین نے مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف کیا۔سعودی عرب کی حکومت نے زائرین حج کی صحت اور سکیورٹی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رکھے ہیں۔
وزارت صحت نے مکہ اور مدینہ میں 23 ہسپتال اور 147 طبی مراکز قائم کیے ہیں۔اسی طرح منٰی میں 26 طبی مراکز بنائے گئے ہیں، جہاں انتہائی نگہداشت کے لیے 100 بستر جبکہ ہیٹ ویو سے متاثر ہونے والوں کے لیے 200 بستر موجود ہیں جبکہ حجاج کی دیکھ بھال کے لیے 25 ہزار افراد پر مشتمل طبی عملہ بھی موجود ہے۔
منٰی کے خیمے فائر پروف مواد سے تیار کردہ ہیں۔ یہ اے سی کے جدید ترین سسٹم سے آراستہ ہیں۔ حاجی حضرات 10، 11 ، 12 اور 13 ذی الحجہ کو بھی منٰی میں رہیں گے۔ بیشتر حاجی 12 ذی الحجہ کو منیٰ سے نکل جائیں گے ایک تہائی کے لگ بھگ باقی ماندہ حاجی 13 ذی الحجہ کو منی سے رخصت ہوں گے۔
