سرینگر،09جولائی:
اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے عید الاضحیٰ کے سلسلے میں عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے جموں کشمیر میں امن و استحکام کی دعا کی ہے۔
اُنہوں نے عوام سے بھی عید کے موقعے پر اس خطے کی خوشحالی اور امن و سکون کے لئے دعائیں کرنے کی اپیل کی ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ‘‘میں عید کے اس مقدس موقعے پر جموں کشمیر کے عوام کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پوری دُیا کے مسلمانوں کے لئے عیدالاضحیٰ سب سے مقدس دن ہے کیونکہ یہ دن ہمیں اللہ کے تئیں حضرت ابراھیم کی اطاعات اور عقیدت کے عظیم الشان واقعہ کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں بھی اپنے رب کے احکامات اور منشا کے آگے ہمیشہ اپنا سرخم کرنے کا سبق فراہم کرتا ہے۔ اس لئے ہمیں یہ مقدس دن پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منانا چاہیے۔‘‘
سید بخاری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس اہم دن پر جموں کشمیر میں امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے کہا، ’’جموں کشمیر کے لوگ ایک طویل عرصہ سے ناسازگار حالات کا سامنا کررہے ہیں اور پر تشدد دور سے گزررہے ہیں۔ ان حالات کی وجہ سے اب تک لاکھوں لوگ براہ راست اور بلواسطہ طور متاثر ہوئے ہیں۔ اس لئے یہ ضروری ہے کہ ہم عید کے مقدس موقعے پر اپنے وطن میں امن و استحکام اور سلامتی کے لئے خاص طور سے دعائیں کریں۔‘‘
انہوں نے عوام کو عید کے موقعے پر ضرورتمندوں کا خاص خیال رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا، ’’ہمیں عید کی خوشیاں ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنی چاہیں تاکہ یہ خوشیاں دو بالا ہوں اور وہ لوگ بھی ان خوشیوں میں بھرپور شرکت کرسکیں جو مشکل حالات سے جوجھ رہے ہیں۔‘‘
