جموں،17 جولائی:
جموں وکشمیر کے ضلع سانبہ کے مانگو چیک علاقے میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک ایک پاکستانی ڈورن کو اڑتے ہوئے دیکھنے کے بعد اتوار کی صبح علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سانبہ کے مانگو چیک علاقے میں مقامی لوگوں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایک پاکستانی ڈرون کو ہوا میں اڑتے ہوئے دیکھا چنانچہ مقامی لوگوں نے اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا۔
انہوں نے کہاکہ اس واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار اعلیٰ الصبح ہی علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا تاکہ یہ دیکھا جائے کہ کہیں ڈرون نے اس طرف کوئی مواد مت چھوڑاہے۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے تاہم فی الوقت سیکورٹی فورسز کو کوئی بھی شئی ہاتھ نہیں آئی ہے۔
دریں اثنا دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جموں میں بین الاقوامی کنٹرول لائن کے نزدیکی علاقوں میں پاکستانی ڈرونز کی نقل وحرکت کے بعد سرحد پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ جنگلات میں بھی تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔
اُن کے مطا بق ڈرون کی سرگرمیوں کی روکتھام کی خاطر سرحدوں پر تعینات افواج کو جدید اسلحہ سے لیس کیا گیا ہے۔بتادیں کہ 4 جولائی کے روز بھی سانبہ کے راجپورہ علاقے میں بین الاقوامی کنٹرول لائن کے نزدیک پاکستانی ڈرون کو دیکھا گیا تھا۔
