جموں، 18 جولائی:
جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب اس وقت ایک حادثاتی گرینیڈ دھماکہ ہوا، جب ہندوستانی فوج کے دستے ضلع پونچھ کے مینڈھر سیکٹر،لائن آف کنٹرول کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔ دفاعی ترجمان کے مطابق گرینیڈ دھماکے کے نتیجے میں فوجی جوان زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے کمانڈ اسپتال ادھم پور منتقل کیا گیا۔ علاج کے دوران کیپٹن آنند اور نائب صوبیدار بھگوان سنگھ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
کیپٹن آنند کا تعلق کے این جھا لین، چمپا نگر، ضلع بھاگلپور (بہار) سے ہے اور این بی بھگوان سنگھ کا تعلق گاؤں پوکھر بھیٹا، ضلع امبیڈکر نگر (یو پی) سے ہے۔ جی او سی وائٹ نائٹ کور اور تمام رینک ڈیوٹی کے دوران ان کی عظیم قربانی پر بہادروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قوم بہادروں کی ان عظیم قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔
