سری نگر،19 جولائی:
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ہمشیرہ روبیہ سعید کی طرف سے یاسین ملک کو اپنے اغوا کار کے بطور شناخت کرنے کے چند روز بعد پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک مناسب ٹرائیل کے مستحق ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انصاف یکطرفہ معاملہ نہیں ہوسکتا ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے تقریب کے حاشیہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ یاسین ملک مناسب ٹرائیل کے مستحق ہیں اور یہ کہ انصاف یکطرفہ معاملہ نہیں ہو سکتا ہے۔
روبیہ سعید کی جانب سے ممنوع تنظیم لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک کو اپنے اغواکار کے بطور شناخت کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں سجاد لون نے کہاکہ یہ ان کا فیصلہ ہے، لیکن جنہوں نے شناخت کی اُنہیں مصالحت اور بات چیت کے بارے میں بات کرنے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔سجاد لون نے روبیہ سعید اور محبوبہ مفتی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ انہیں ملوث افراد کی شناخت اور فرد جرم عائد کرنے کا پورا حق ہے لیکن لوگوں کی نشاندہی اور ان پر فرد جرم عائد کرنے والوں کو مفاہمت اور بات چیت کی وکالت کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ۔انہوں نے مثال پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پرینکا گاندھی نے تو اپنے والد کے قاتلوں کو بھی معاف کردیا ۔
بتادیں کہ گزشتہ دنوں سی بی آئی کی عدالت میں روبیہ سعید نے یاسین ملک کو اپنے اغوا کار کے بطور شناخت کی ۔ یاسین ملک ویڈ یو لنک کے ذریعے سماعت میں شامل ہوئے۔پیشی کے دوران یاسین ملک نے عدالت کو بتایا کہ وہ جموں آکر از خود گواہوں سے جرح کریں گے جس کے بعد عدالت نے کارروائی کو ملتوی کیا۔توقع کی جارہی ہیں کہ اگلی پیشی پر یاسین ملک کو سی بی آئی کورٹ میں پیش کیا جاسکتا ہے۔
