سرینگر، 27 جولائی :
امور داخلہ کے وزیر مملکت نے بدھ کو بتایا کہ امرناتھ گپھا کے قریب چند ہفتے قبل بادل پھٹنے کے نتیجے میں 15 افراد کی موت ہو گئی، لیکن کسی بھی شخص کے لاپتہ ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر مملکت برائے ہوم، نتیانند رائے نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق بادل پھٹنے کی وجہ سے 15 افراد کی جانیں گئیں لیکن کسی شخص کے لاپتہ ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف سرکاری ایجنسیوں جیسے این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، فوج، سی آر پی ایف ایس اور یو ٹی کے عہدیداروں کو یاتریوں کی تلاش، بچاؤ اور راحت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یاتریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور انہیں رہائش اور خوراک فراہم کی گئی، جب کہ زخمی یاتریوں کو قریبی طبی مراکز میں منتقل کر دیا گیا۔
