سرینگر، 29 جولائی :
جموں و کشمیر میں جمعہ کے روز بھی خراب موسم کی وجہ سے بالتل اور پہلگام کے راستوں سے شری امرناتھ کے مقدس گپھا تک کا سفر عارضی طور پر دوسرے دن بھی معطل رہا۔اور ضلع رامبن میں لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے جموں سے روانہ ہونے والے قافلہ کو چندرکوٹ میں روک دیا گیا ہے۔خراب موسم کی وجہ سے جمعہ کی صبح بالتل اور ننوان بیس کیمپ سے کسی یاتری کو مقدس گپھا تک جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ دریں اثنا، تقریباً 4000 عقیدت مند بالتل اور ننوان بیس کیمپوں میں قیام پذیر ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق موسم صاف ہونے کے بعد ہی مزید سفر کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔اس دوران 835 یاتریوں کا ایک اور قافلہ جمعہ کی صبح جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے شری امرناتھ کے درشن کے لیے بالتل اور پہلگام کے لیے روانہ ہوا۔ 35 چھوٹی اور بڑی گاڑیوں میں جو قافلہ روانہ ہوا اس میں 593 مرد، 219 خواتین، 23 بچے شامل تھے۔ اب تک جموں کے بیس کیمپ سے 1,53,307 یاتری امرناتھ یاترا کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔جبکہ جموں سری نگر قومی شاہراہ آج دوسرے دن بھی بند رہی۔ جس کی وجہ سے جموں سے امرناتھ یاترا پر جانے والے یاتریوں کو ہائی وے بند ہونے کی وجہ سے چندرکوٹ بیس کیمپ میں ہی روک دیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ کل سے آج تک چندر کوٹ میں روکے گئے یاتریوں کی تعداد 2437 ہو گئی ہے۔معلومات کے مطابق رامبن میں موسم ابر آلود ہے لیکن بارش نہیں ہو رہی ہے۔اور شاہراہ کو صاف کرنے کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سڑک کلیئر ہونے کے بعد ہی گاڑیوں کو آگے بڑھنے دیا جائے گا۔ موجودہ موسم کے پیش نظر محکمہ ٹریفک نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی شاہراہ کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کیے بغیر سفر نہ کریں۔
