سری نگر، 5 اگست :
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون، وجے کمار نے جموںں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کی تیسری برسی کے موقع پر کہا کہ پچھلے تین سال میں جموںو کشمیر میں نہ تو کوئی ہڑتال کی گئی ہے اور نہ ہی پتھر بازی کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے بعد، نہ ہی کسی بھی ہڑتال کی کال دیکھنے میں آئی اور نہ ہی انکاؤنٹر کے مقام پر پتھراؤ کا کوئی واقعہ پیش آیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پچھلے تین سالوں میں جنازے اور تدفین میں کوئی جلوس نہیں نکلا۔
کمار نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد وادی کشمیر میں عسکریت پسندی سے متعلق واقعات میں 284 افراد بشمول 174 پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اہلکار اور 110 عام شہری مارے گئے۔اس کے مقابلے میں 05 اگست 2016 سے 04 اگست 2019 تک کے دوران 290 سیکیورٹی فورسز کے اہلکار اور 191 عام شہری مارے گئے۔اے ڈی جی پی نے کہا کہ 05 اگست 2016 سے 04 اگست 2019 تک امن و امان کی صورتحال میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کے چھ اہلکار ہلاک ہوئے، جب کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد یہ تعداد صفر ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 05 اگست 2019 سے 04 اگست 2022 تک امن و امان کے 438 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ 05 اگست 2016 سے 04 اگست 2019 کے دوران ایسے واقعات کی تعداد 3686 تھی۔
