سری نگر،06اگست:
جنوبی ضلع کولگام کے ریڈونی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں ایک عام شہری اور فوجی زخمی ہوئے تھے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم جمعے کی شام کو عام شہری زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔
ذرائع نے بتایا کہ جنگجو سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیا ب ہوئے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی ضلع کولگام کے ریڈونی علاقے میں جمعے کے روز سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں ایک عام شہری اور فوجی زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم جمعے کی شام کو عام شہری زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔
متوفی کی شناخت منظور احمد لون ولد عبداللہ لون ساکن ریڈونی بالا کے بطور ہوئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ مہلوک نوجوان کی گزشتہ سال ہی شادی ہوئی تھی۔پولیس ذرائع نے زخمی فورسز اہلکار کی پہچان کرن سنگھ ساکن رام بن کے بطور کی اور اُس کو بادامی باغ فوجی ہسپتال میں بھرتی کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی فائرنگ کے بعد ملی ٹینٹ جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ فورسز نے علاقے میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کو ختم کیا ہے۔
