جموں ،6 اگست :
جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے ہفتہ کی صبح امر ناتھ یاتریوں کا کوئی بھی قافلہ وادی کے لئے روانہ نہیں ہوا ہے ۔حکام نے کہا کہ عقیدت مندوں کی آمد میں کمی کے درمیان 2 اگست کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے امرناتھ یاتریوں سے موسم کی خرابی اور مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر 5 اگست سے پہلے مقدس گھپا کے درشن کرنے کی اپیل کی تھی۔چونکہ یاترا گیارہ اگست کو اختتام پذر ہو رہی ہے ۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ امرناتھ یاتریوں کا کوئی بھی تازہ قافلہ ہفتہ کو یہاں بھگوتی نگر بیس کیمپ سے وادی کے لیے نہیں نکلا۔ذرائع نے بتایا کہ یاترا پر جانے کا ارادہ رکھنے والے عقیدت مندوں کی تعداد میں گزشتہ ہفتے کے دوران کافی کمی دیکھی گئی ہے ۔ابھی تک ملک بھر سے تین لاکھ سے زیادہ عقیدت مند بابا برفانی کے درشن کر چکے ہیں۔بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے قدرتی طور برف سے بنا شیو لنگ وقت سے پہلے پگھلنے لگا ہے ۔جبکہ جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں زبردست بارش ہوئی ہے۔ایل.جی نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ،میں ملک بھر کے عقیدت مندوں سے درخواست کرنا چاہوں گا، جن کے درشن ابھی باقی ہیں، 5 اگست سے پہلے آ جائیں کیونکہ اس کے بعد مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے ،۔چونکہ 8 جولائی کو مقدس گھپا کے قریب موسلا دھار بارش کی وجہ سے سیلاب میں 15 امرناتھ یاتری ہلاک اور 55 زخمی ہوگئے۔دریں اثناء ، 145 خواتین اور 19 بچوں سمیت 360 یاتریوں کا ایک قافلہ ہفتہ کو پونچھ ضلع میں بدھ امرناتھ کے درشن کے لیے 12 گاڑیوں کے قافلے میں بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہوا۔
