جموں،5 ستمبر:
جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ قصبے میں دو الگ الگ سڑک حادثوں میں میاں بیوی اور ماں بیٹے سمیت پانچ افراد از جان جبکہ ایک شخص لاپتہ اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ میں گلگندر پل کے نزدیک ایک کار گہرے نالے میں جاگری۔
انہوں نے کہا کہ حادثہ پیش آتے ہی پولیس اور مقامی لوگوں نے بچاؤ آپریشن شروع کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو نالے سے نکال کر فوری طور نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے چار افراد کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔
متوفین کی شناخت ستیہ دیوی زوجہ نصیب سنگھ ان کا بیٹا وکرم سنگھ، لکھ راج اور اس کی اہلیہ ستیشہ دیوی ساکنان شیوا جبکہ زخمی کی شناخت نصیب سنگھ کے بطور ہوئی ہے۔دوسرے حادثے میں ایک گاڑی پل ڈوڈہ سے بھدرواہ کی طرف جا رہی تھی کہ وہ مغل مارکیٹ پارنو میں سڑک سے لڑھک کر نیرو دریا میں جا گری۔
ذرائع نے بتایا کہ اس حادثے میں ایک شخص کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔متوفی کی شناخت سجاد احمد ساکن بھدرواہ جبکہ زخمی کی شناخت پیوش منہاس ولد آر کمار ساکن ہموت بھدرواہ کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس گاڑی کا ڈرائیور رویندر کمار ابھی بھی لاپتہ ہے۔
