سری نگر۔24 ستمبر:
جموں و کشمیر کے اپنے دورے سے پہلے، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے نئی دہلی میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ سنہا نے وزیر داخلہ کو سیکورٹی صورتحال بالخصوص وادی کشمیر میں بہتری کے بارے میں آگاہ کیا۔سیکورٹی کے منظر نامے کے علاوہ، لیفٹیننٹ گورنر نے مرکزی وزیر داخلہ کو جموں و کشمیر میں مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں اور وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکج کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔
ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں امت شاہ سے ایل جی منوج سنہا کی یہ دوسری ملاقات تھی۔اس سے پہلے 25 اگست کو، شاہ نے مرکزی دارالحکومت میں سیکورٹی کے منظر نامے اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔قبل ازیں وقف بورڈ کی چیرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے کینسر اسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی اپیل کی۔
ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ ہم نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے درخواست کی ہے اور امکان ہے کہ وہ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ وزیر داخلہ ہماری درخواست کو قبول کریں گے اور ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔شاہ یکم اور 2 اکتوبر کو دو روزہ دورے پر جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔ وہ یکم اور 2 اکتوبر کو بالترتیب راجوری اور کپواڑہ میں دو میگا ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
