سری نگر، 29 ستمبر:
حکومت نے ڈیولپمنٹ پریکٹیشنر اقبال لون کو محکمہ سماجی بہبود، حکومت جموں و کشمیر کے معذور افراد کے لیے کمشنر مقرر کیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جموں و کشمیر حکومت نے 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے فوراً بعد تمام کمیشنوں کو ختم کر دیا تھا جس میں معذوری کمیشن بھی شامل تھا۔ تین سال کے بعد محکمہ سماجی بہبودمیں یہ نئی تقرری ہوئی ہے۔ محکمہ نے کمشنر کی تقرری کیلئے ایک اشتہار شائع کیا تھا۔ جموں و کشمیر کے اہل افراد کے مطابق، 15-03-2021 کو SO-91 کے ذریعے جاری کردہ 2021 کے قواعد کے مطابق جموں و کشمیر کے یو ٹی میں معذور افراد کے لیے کمشنر کے عہدے پر تقرری کے لیے دلچسپی رکھنے والے آٹھ افراد شارٹ لسٹ کیے گئے تھے جن میں سے اقبال لون کو انٹرویو کے بعد اہل قرار دیا گیا۔
واضح رہےاقبال لون کے پاس بی ایس سی، ایم ایس ڈبلیو، ہیومن رائٹس کے علاوہ 3 بین الاقوامی فیلوشپس، متعدد خصوصی ڈپلومے سے نوازے گئے ہیں۔ انہوں نے کئی موضوعات پر ریسرچ بھی کی ہے اور ترقیاتی شعبوں میں 20 سال سے زیادہ کا تجربہ ہے۔محکمہ سماجی بہبود کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے جب حکومت نے مرکزی ایکٹ اور قواعد کی بنیاد پر اس پوسٹ کے لیے نوٹیفکیشن اور اشتہار جاری کیا ہے اور اقبال لون درخواست گزاروں کے درمیان سخت مقابلہ کے عمل کے بعد اس عہدے کے لئے اہل پائے گئے۔
اقبال لون کی تقرری پر سماج کے کئی حلقوں نے حکومت کی سراہنا کی اور امید ظاہر کی کہ اقبال لون اپنے تجربے کو بروئے کار لا کر بطور کمشنر معذور افراد کی بہبود میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔
