سرینگر، 29 ستمبر:
پولیس چوکی ہمہامہ بڈگام کو ایک خاتون کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی۔ شمیمہ ساکنہ ہندوارہ نامی اس خاتون نے بتایا کہ اس کی دو نابالغ بیٹیاں جن کی عمریں 15 سال اور 16 سال ہیں جو اس وقت ہمہامہ میں کرائے کے مکان میں مقیم ہیں، 25 ستمبر سے لاپتہ ہوگئی ہیں ۔اس اطلاع پر پولیس اسٹیشن بڈگام میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 337/2022 درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کردی گئی۔
دونوں کمسن گمشدہ لڑکیوں کا سراغ لگانے کے لیے چوکی آفیسر ہمہامہ انسپکٹر امتیاز احمد کی نگرانی میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ سخت کوششوں اور مختلف لیڈز پر کام کرنے کے بعد، پولیس ٹیم نے کل شام بس اسٹینڈ جموں سے دونوں نابالغ لڑکیوں کا سراغ لگایا اور انہیں خواتین پولیس اور اہل خانہ کے ذریعہ بحفاظت بڈگام پہنچایا گیا۔ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد نابالغ لڑکیوں کو ان کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
