جموں، یکم اکتوبر:
جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد کو ان کی نئی تشکیل شدہ ڈیموکریٹک آزاد پارٹی (ڈی اے پی) کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ پارٹی کے ایک رہنما نے ہفتہ کے روز یہ معلومات دی۔ انہوں کہا اس سلسلے میں ایک قرارداد بانی ممبران کے اجلاس میں منظور کی گئی۔ جموں اور سرینگر میں منعقدہ میٹنگوں میں متفقہ طور یہ فیصلہ لیا گیا۔
26 اگست کو کانگریس چھوڑنے والے 73 سالہ آزاد نے 26 ستمبر کو جموں میں درجنوں سابق وزرا، قانون ساز اسمبلی کے سابق ممبران اور دیگر سرکردہ لیڈروں کی حمایت سے ڈی اے پی کا آغاز کیا جن میں سے اکثریت نے ان کی حمایت میں کانگریس سے استعفیٰ بھی دے دیا۔ ان میں سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند، سابق وزرا پیرزادہ محمد سعید، تاج محی الدین، جی ایم سروڑی، آر ایس چب، جگل کشور، عبدالمجید وانی اور منوہر لال شرما شامل ہیں۔ آزاد نے جموں واپس آنے سے پہلے 27 ستمبر سے چار دن کشمیر میں گزارے۔
