سری نگر:یکم اکتوبر:
سری نگرپولیس نے ایک مقامی نیوز ایجنسی سے وابستہ نامہ نگا ر کومبینہ عصمت ریزی،بلیک میلنگ اوربھتہ خوری کی پاداش میں گرفتار کرلیا۔پولیس نے واضح کیاہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔بتایاجاتاہے کہ گرفتار نامہ نگار ایک مقامی نیوز ایجنسی کیساتھ وابستہ ہے۔
جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ ایک خود ساختہ صحافی ندیم احمد گنائی عرف ندیم ناڈو ولد مختار احمد گنائی ساکنہ قاضی باغ، اننت ناگ کو عصمت دری کے ایک معاملے میں گرفتار کیاگیا۔پولیس کے مطابق ایک لڑکی (نام ظاہر نہیں کیا گیا) کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت پر کہ ملزم نے مدد کے خواہشمند لوگوں کےلئے بنائے گئے اپنے واٹس ایپ گروپ کے ذریعے اسے لالچ دیا، اس مدد کے دوران دھوکہ دہی سے خود کو بے ہودہ کرنے کے بعد اسے اپنے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے پر مجبور کیا۔سری نگرپولیس نے مزیدکہاکہ متاثرہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزم نے اسے بے ہوش کرنے کے بعد اس کی قابل اعتراض تصاویر کھینچیں اور ان کا استعمال کرکے اسے کئی بار جبری جنسی تعلقات کےلئے بلیک میل کیا۔
شکایت کنندہ کے مطابق ملزم اسے بلیک میل کرتے ہوئے اس کے طلائی زیورات بھی لے گیا۔ قابل ذکر ہے کہ یہ خاتون اس جرم کے وقت وسطی کشمیر کے ایک ادارے میں طالب علم تھی۔پولیس نے کہاکہ ملزم کیخلاف خواتین پولیس تھانہ سری نگر ضلع میں آئی پی سی کی دفعہ 376،384،506 کی روشنی میں ایف آئی آر نمبر50/2022 کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق مزید حقائق اور اس کیس میں متاثرہ کی جانب سے لگائے گئے کچھ اور الزامات کا پتہ لگانے کےلئے کیس کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق جرم کی گھناونی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرسری نگراوئیس وانی کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیمSIT تشکیل دی گئی ہے اور اس میں ڈی ایس پی سلیت شاہ ،ایس ایچ اؤخواتین پولیس تھانہ سری نگرخالدہ پروین اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرمحمد یوسف شاہ شامل ہیں۔بیان کے مطابق سری نگر پولیس اپنے تمام شہریوں کو یقین دلاتی ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔
