سرینگر،02اکتوبر:
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے پنگلینہ میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ سی آر پی ایف کا ایک جوان زخمی ہوا ہے۔ کشمیر زون پولیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ پلوامہ کے علاقے پنگلینہ میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ علاقہ کو محاصرہ میں لے کر کارروائی کی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ مشتبہ عسکریت پسندوں نے پولیس اور سیکورٹی فورسز پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیاگیا تاہم ڈاکٹروں نے پولیس اہلکار کو مردہ قرار دیا جبکہ سی آر پی ایف اہلکار کی بھی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔ مزید تفصلات کا انتظار۔
وہیں دوسری جانب ضلع شوپیان میں عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم ہوا، جس میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہوگیا ہے اور اس کے ساتھ ہی تصادم بھی ختم ہوگیا ہے۔
