سرینگر 7 اکتوبر :
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات ہیمنت کمار لوہیا کے انتقال پر تعزیتی میٹنگ منعقد کی ۔
میٹنگ میں تمام انتظامی سیکرٹری اور سینئر افسران نے شرکت کی ۔ جموں اور دہلی میں تعینات افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔
متوفی کو یاد کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ کوئی بھی اپنی زندگی میں اس طرح کے حادثے کا مستحق نہیں ہے ۔ انہوں نے ان کی موت کو بے وقت اور بدقسمتی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ دکھ اور ناقابل تلافی نقصان کی اس گھڑی میں پوری انتظامیہ سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے ۔
ڈاکٹر مہتا نے محکمہ میں ان کے کردار کی تعریف کی اور انہیں ایک بہت ہی عمدہ ، قابل اور ہوشیار پولیس افسر قرار دیا ۔ انہوں نے مرحوم کی روح کیلئے سکون اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ۔ اس موقع پر اجتماع نے ڈی جی کی وفات پر دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔
