سرینگر / 7 اکتوبر :
جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس نے آج مختلف تنظیمی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرنے اور ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اپنے سرکردہ رہنماؤں کی ایک اہم میٹنگ طلب کی۔ یہ میٹنگ پارٹی کے ہیڈکوارٹر چرچ لین سری نگر میں منعقد ہوئی۔ اس اہم اجلاس کی صدارت پیپلز کانفرنس کے سینئر نائب صدر عبدالغنی وکیل نے کی اور پارٹی کے سینئر رہنما سید بشارت بخاری، منصور حسین سہروردی، راجہ اعجاز ، نذیر لاوے، عابد انصاری، محمد خورشید عالم، محمد اشرف میر، عرفان متو، جی ایس یوتھ پی سی مدثر اور محمد سلیمان بٹ نے شرکت کی۔
پارٹی قیادت نے پارٹی سے متعلق مختلف تنظیمی امور پر تفصیلی گفت و شنید کی۔ بات چیت کے دوران رہنماؤں نے نچلی سطح پر تنظیم کو مضبوط کرنے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا اور وسیع پیمانے پر عوامی رسائی پروگرام کے ذریعے پارٹی کے وژن اور پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کے لئے حکمت عملی تجویز کی ۔۔ اس اہم اجلاس میں لوگوں کو 2019 کے بعد کی صورتحال کے حوالے درپیش مختلف مسائل و مشکلات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ پیپلز کانفرنس کے قائدین نے جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی سیر حاصل تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک اہم دور سے گزر رہا ہے اور صرف ایک منتخب مقبول حکومت ہی جموں و کشمیر کے لوگوں کو کچھ راحت پہنچا سکتی ہے۔ رہنماؤں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کے مستقبل سے متعلق معاملات میں شامل کرنے اور ان کی شمولیت کے لئے سیاسی عمل کی فوری ضرورت کا اعادہ کیا۔
