جموں ،8 اکتوبر:
انڈین آرمی کی راشٹریہ رائفلز،نے جموں و کشمیر محکمہ سیاحت کے تعاون سے آج ضلع رامبن کے بٹو سے چھ روزہ ٹریکنگ مہم کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سترہ شوقین ٹریکرز بشمول اسپورٹس پرسنز، بلاگرز، فوٹوگرافرز اور مقامی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔
ان میں نو خواتین اور آٹھ شرکاء شامل ہیں، جن میں مقامی اور باہر کے ٹریکروں کا صحت مند امتزاج ہے۔یہ ٹریک خوبصورت وادی نیل سے شروع ہوا اور پیر پنجال کے پہاڑی علاقوں میں غیر دریافت شدہ میدانوں، جھیلوں، آبشاروں اور جھری دار چوٹیوں سے گزرے گا۔ اور 13 اکتوبر کو لامبر گراؤنڈ میں بانہال یوتھ فیسٹیول کے موقع پر اختتام پذیر ہوگا۔
دفاعی ترجمان کے مطابق ٹریکنگ مہم میں شرکت کرنے والے ٹریکرز حب الوطنی، خواتین کو بااختیار بنانے اور خود روزگار کا مظاہرہ کرنے کے لیے مقامی نوجوانوں کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔ وہ مقامی طرز زندگی سے بھی قریب سے واقف ہوں گے جس میں مقامی کھانوں میں حصہ لینا بھی شامل ہے۔اس تقریب کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے جسے خطے میں حالت معمول پر آنے اور مختلف ترقیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے حوصلہ ملا ہے۔
