گاندربل،11اکتوبر:
گاندربل پولیس نے میر گنڈکنگن میں قائم دارالعلوم (دینی مدرسہ) کے اُس مولوی کیخلاف کیس درج کرلیا ،جس نے مبینہ طورپرخان ڈریس نہ پہننے پرایک نابالغ لڑکے کی بڑی بے رحمی کیساتھ پٹائی کی ۔بتایاجاتاہے کہ نابالغ لڑکے کے جسم پر کچھ چوٹیں آئی ہیں ۔
جے کے این ایس کے مطابق 11،اکتوبربروز منگل وار ،محمدصدیق چیچی ساکنہ ووڈر کنگن نے پولیس تھانہ کنگن میں ایک تحریری شکایت درج کی ،جس میں درخواست دہند ہ نے الزام لگایاکہ10اکتوبر بروز پیر کوایک مقامی دارالعلوم میں تعینات ایک معلم مولوی ریاض احمد کھٹانہ ولد محمدیوسف کھٹانہ ساکنہ ووڈرکنگن نے اُس(شکایت کنندہ )کے نابالغ فرزندبلال احمد چیچی کی اس بناءپر بے رحمی کیساتھ مارپیٹ کی کہ اس نابالغ لڑکے نے دینی مدرسہ کے ڈریس کوڈکے تحت خان ڈریس نہیں پہناتھا۔
پولیس کے مطابق تحریری شکایت پر مبینہ ملزم مولوی کوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاگیاجبکہ اُس کیخلاف تھانہ پولیس کنگن میں ایف آئی آرزیر نمبر 164/2022کے تحت آئی پی سی کے سیکشن 341،323اور جے جے ایکٹ کی روشنی میں مقدہ درج کیاگیا،اوراس سلسلے میں کنگن پولیس تھانہ نے مزیدتحقیقات شروع کردی۔
