جموں/12؍اکتوبر:
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سول،پولیس اِنتظامیہ اور اِنتظامی سیکرٹریوں کے ساتھ ایک میٹنگ میں کہا کہ بیک ٹو وِلیج 4پروگرام کے دوران حکمرانی کا شفاف عمل کا ایک خاصہ ہوگا۔
ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اَفسران پر زور دیا کہ مقامی علاقوں میں سرکاری دفاتر کے کام کے بارے میں عوامی تاثرات اِس رَسائی پروگرام کا ایک اہم جزو ہوں گے ۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ عوام سے سرکاری محکموں کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات کی فوری اور کار کردگی کے بارے میں تاثرات حاصل کریں۔
چیف سیکرٹری نے حکومت کی طرف سے پیش کردہ تمام آن لائن پورٹلوں اور خدمات کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا ۔اَفسران سے کہا گیا کہ وہ ہر گرام پنچایت میں گائوں کی ڈیجیٹل خواندگی کے لئے آن لائن دستیاب خدمات کا نام اور تعداد نمایاں طور پر ظاہر کریں ۔
اُنہوں نے ان دیہاتوں میں ترقی کی راہ میں رُکاوٹ بننے والے مسائل کو حل کرنے کے لئے پنچایت سطح پر تمام محکموں کی کنورجنس میٹنگ منعقد کرنے پر بھی زور دیا ۔اُنہوں نے اسے ہر پنچایت میںماہانہ معمول بنانے کے لئے کہا ۔اُنہوں نے ہر محکمے اور آفیسر کو اِس اقدام کے تمام اہداف کو پورا کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں۔
مزید برآں ، چیف سیکرٹری نے کسی نہ کسی ثقافتی یا کھیلوں کی سرگرمیوں میں عام لوگوں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس موقعہ سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے نشا مکت اور برشٹاچار مکت جموںوکشمیر کے فلیگ شپ پروگراموں کو ایک قدم آگے بڑھانا چاہئے۔
چیف سیکرٹری نے جن دیگر اقدامات کے بارے میں بات کی جس کا دورہ کرنے والے اَفسران کے ذریعہ جائز ہ لیا جائے گا۔ان میں گولڈن کارڈوں کا اجرأ ، دیہاتوں میں گھر گھر کوڑا کرکٹ جمع کرنا، سوچھ گرامین ، پی ایم اے وائی ۔ گرامین ، خود روز گار سکیموں کی اہمیت ، عوامی تقسیم کے نظام کا کام کرنا ، زمینی پاس بکس ، ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن ، پنچایتوں میں کھیل میدان ، جل جیون مشن ، یوتھ کلبوں کا کام ، سماجی بہبود اور دیگر مرکزی معاونت والی سکیمیں شامل ہیں۔اِس سے قبل پرنسپل سیکرٹری محکمہ اطلاعات و اعلیٰ تعلیم روہت کنسل نے میٹنگ کو اِس تجدید اقدام کے پس منظراور مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا ۔ اُنہوں نے اِس بڑے عوامی رَسائی پروگرام کے دوران حاصل کئے جانے والے مختلف پہلوئوں کا ذِکر کیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام اِس مہینے کے آخری ہفتہ میں منعقد ہونا ہے اور اِس سے ایک ہفتہ قبل جن ابھیان کا اِنعقاد کیا جانا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اِس جن ابھیان کے دوران سینئر اَفسران گائوں کا دورہ کریں گے اور لوگوں کی بات سنیں گے اور مذکورہ تمام سرکاری سکیموں کے بارے میں کامیابیوں کو دیکھیں گے اور بی ٹو وِی 4 پروگرام کے بہتر اِنعقاد کے لئے ڈیلیورایبلز دیکھیں گے۔
