سری نگر ،16 /اکتوبر:
جنوبی ضلع شوپیاں میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹوں کی تلاش دوسرے روز بھی جاری رہی۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ضلع بھر میں سرگرم ملی ٹینٹوں اور اُن کے مدد گاروں کے خلاف آپریشنز میں تیزی لائی ہے۔
اطلاعات کے مطابق چودھری گنڈ شوپیاں میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے بعد ضلع بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تلاش دوسرے روز بھی جاری ہی جس دوران سیکورٹی فورسز نے متعدد گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ذرائع کے مطابق جنوبی کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر ہیومن انٹیلی جنس کو مزید مضبوط کیا جارہا ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بھی ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر حفاظتی عملے کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں مقیم کشمیری پنڈتوں کی بھی حفاظت سخت کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کو ہدایت دی گئی ہے کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاکر اُنہیں گرفتار کیا جائے۔
