سری نگر،17 اکتوبر :
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے بی جے پی لیڈر جاوید قریشی کے علاوہ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے دس دیگر لوگوں کو ستمبر2023 تک منعقد ہونے والے کسی بھی الیکشن کے لئے نا اہل قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ای سی آئی کی طرف سے چیف الیکٹورل افسر جموں وکشمیر کے نام ایک مکتوب میں کہا گیا کہ جاوید قریشی اور دس دیگر لوگوں کو ستمبر 2023 تک کسی بھی الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی ہے۔
ان امیدوراوں نے سال 2019 میں لوک سبھا سیٹ کے لئے الیکشن لڑے تھے لیکن یہ امیدوار مقررہ وقت کے اندر الیکشن پر آنے والے خرچے کی تفصیلات پیش کرنے میں ناکام ہوئے تھے جس کے باعث ان پر کسی بھی الیکشن میں حصہ لینے پر تین سالہ پابندی عائد کی گئی۔
بتادیں کہ جاوید قریشی نے سال 2019 میں بارہمولہ نشست سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے لوک سبھا کے لئے الیکشن میں حصہ لیا تھا اور انہوں نے قریب چار ہزار ووٹ حاصل کئے تھے
جن دیگر دس لوگوں کو نا اہل قرار دیا گیا ہے ان میں انیل سنگھ (جموں سیٹ)، بلون سنگھ (جموں سیٹ)،سکندر احمد نورانی (جموں سیٹ)،راکیش مدگل(اودھم پور سیٹ)، فردوس احمد بوانی (اودھم پور سیٹ)، ریاض احمد نٹ (اننت ناگ سیٹ)، شمس خواجہ (اننت نگ سیٹ )،علی محمد وانی (اننت ناگ سیٹ) اور مرزا سجاد حسین بیگ (سری نگر سیٹ) شامل ہیں۔
