لداخ، 19اکتوبر:
یونین ٹریٹری لداخ کے کھر دنگلہ پاس میں ایک نجی گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں چار سیاحوں کی موت واقع ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ لداخ کے کھر دنگلہ پاس میں تازہ برف باری کے نتیجے میں شاہراہ پر پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے ایک نجی گاڑی 150فٹ گہری کھا ئی میں جاگری جس کے نتیجے میں اُس میں سوار چار سیاح شدید طورپر زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فوج اور سیول انتظامیہ نے ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر لہیہ ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے چار سیاحوں کو مردہ قرار دیا۔
متوفین کی شناخت محمد فیروز ولد محمد فیاض ساکن نیو سیلم پور دہلی، ذیشان احمد ولد توفیق احمد ساکن مرد آباد اُتر پردیش ، ریاض احمد ولد شریف احمد ساکن بہرام پورہ دہلی اور اعظم خان ساکن دہلی کے بطور ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ لنگ شیڈ لہیہ میں بھی ایک گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں کرناٹک سے تعلق رکھنے والے دو سیاح زخمی ہوئے ہیں۔
