سری نگر،20 اکتوبر:
جنوبی کشمیر کے ضلع وپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر بھاری برف باری کے باعث ٹریفک کی نقل و حمل معطل ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کی مغل روڈ پر پیر کی گلی میں دوران شب قریب دو فٹ برف جمع ہوئی ہے جبکہ دوسری جگہوں پر بھی کچھ انچ برف جمع ہے جس کے باعث روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے۔
ٹریفک حکام نے روڈ کے متعلق جانکاری حاصل کرنے کے لئے ٹریفک کنٹرول یونٹ جموں کے ساتھ رابطہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بتادیں کہ برف باری کے باعث مغل روڈ کو منگل کی شام کو بند کر دیا گیا تھا تاہم بدھ کے روز برف ہٹایا گیا تھا لیکن پھلسن کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل بند ہی رکھی گئی تھی۔دریں اثنا وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔
