سری نگر،21 اکتوبر :
پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے وادی کشمیر میں سردی کی لہر تیز ہوئی ہے جس نے لوگوں کو گرم لباس اور گرمی کے لئے روایتی کانگڑیوں کا استعمال کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں کہیں کہیں بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کی توقع ہے۔
وادی میں خراب موسمی حالات کی وجہ سے سردی کی لہر تیز ہوئی ہے اور شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
